کورونا سے متاثرہ مریضوںکی محفوظ منتقلی کیلیے امن ایمبولینس ہائی الرٹ

133

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ریسیکیو اینڈ میڈیکل سروسز (ایس آر ایم ایس) نے کورونا وائرس سے متاثرہ مشتبہ یا تصدیق شدہ مریضوں کی محفوظ منتقلی کے لیے شہر بھر میں ایمبولینسوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ سندھ حکومت اور امن ہیلتھ کیئر کے مابین پارٹنر شپ کے تحت چلنے والی ایس آر ایم ایس ایمبولینسز ایسے کسی بھی مریض کو حکومت کی طرف سے نام زد کردہ اسپتال یعنی جناح، سول، آغا خان ، ڈاؤ، لیاری جنرل اور انڈس اسپتال پہنچائیں گی۔ ترجمان امن ہیلتھ کیئر سروسز نے کہا ہے کہ اہم حفاظتی ساز و سامان سے لیس ہماری ایمبولینس بین الاقوامی حفاظتی پروٹوکول کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے کسی بھی مشتبہ یا تصدیق شدہ مریض کو منتقل کرنے کے قابل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے عملے کو ذاتی حفاظتی ساز و سامان جیسے ٹوپیاں، چشمے، چہرے کے ماسک، این 95 ماسک، دستانے اور گاؤن وغیرہ مہیا کر دیے ہیں جب کہ ایمبولینسوں میں ڈسپوزیبل اسٹریچر شیٹ اور اضافی ڈسپوزیبل چہرے کے ماسک بھی موجود ہیں۔ اس طرح کی ہر منتقلی کے بعد سوڈیم ہائپو کلو رائٹ کا استعمال کرتے ہوئے ایمبولینس کو اچھی طرح سے جراثیم سے پاک کیا جائے گا۔