ڈیفنس ویو چائنا کٹنگ کیس‘سربراہ ایس بی سی اے ودیگر کونوٹس

298

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے ڈیفنس ویو سوسائٹی کی اطراف میں چائنا کٹنگ اور مین روڈ پر دیوار لگانے کے خلاف دائر درخواست پر ڈی جی ایس بی سی اے اور سینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے ڈیفنس ویو سوسائٹی کے اطراف میں چائنا کٹنگ اور مین روڈ پر دیوار لگانے کے خلاف محمد حبیب احمد و دیگر کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ فاضل عدالت نے مدعا علہیان کو معائنے کے بعد آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈیفنس ویو سوسائٹی کے اطراف رفاہی پلاٹ پر چائنا کٹنگ کرکے غیر قانونی تعمیرات کی جا رہی ہیں اوراس کے قریب واقع نجی یونیورسٹی کے پاس غیر قانونی طور مین روڈ پر دیوار بنا دی گئی ہے۔ لہٰذا استدعا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات روکنے اور دیوار گرانے کا حکم دیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے مدعا علہیان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔