نعمت اللہ خا ن کی وفات سانحہ سے کم نہیں، تاجر رہنما

177

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب اعظم،کراچی کے صدر محمود حامد ،سینئر نائب صدر سید لیاقت علی، نوید احمد ،عثمان شریف اورسلیم ملک نے کراچی کے پہلے سٹی ناظم محسن کراچی نعمت اللہ خان کے انتقال پر گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا ہے۔تاجر رہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ نعمت اللہ خان کی وفات کراچی کے عوام کے لیے کسی سانحہ سے کم نہیں۔ نعمت اللہ خان نے کراچی کے عوام اور تاجروں کی جوبے مثال خدمت کی وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کراچی کے بجٹ کو 43 ارب روپے سے125 ارب روپے تک پہنچایا۔ شہر میں پانی کے مسئلے کو حل کیا اور آئندہ کے لیے کے فور منصوبے کی بنیاد رکھی۔ نعمت اللہ خان نے امانت اور دیانت کی عظیم مثال قائم کی ان کے ہاتھوں کراچی میں 34 نئے کالجوں کا قیام ،24 سے زیادہ ماڈل پارکس کی تعمیر، امراض قلب کا اسپتال، لیاری ایکسپریس وے اور فلائی اوررز کے جال ان کے عظیم کارنامے ہیں جنہیں کبھی بھلایا نہیں جاسکے گا۔ انہوں نے بحیثیت چیئرمین الخدمت فاؤنڈیشن تھرپارکر کے غریب اور فاقہ کش عوام کے لیے دن رات محنت کی اور ان کے لیے پانی اور خوراک کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔تاجر رہنماؤں نے نعمت اللہ خان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔