جمالی گوٹھ میں فائرنگ سے اسٹیٹ ایجنسی کا مالک قتل

254

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جمالی گوٹھ کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے اسٹیٹ ایجنسی کے مالک کو قتل کر دیا اور موقع سے با آسانی فرار ہو گئے ،پولیس نے واقعہ کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود جمالی گوٹھ کے قریب واقع بسم اللہ ہوٹل عبدالرحمن اسٹیٹ ایجنسی کے باہر موٹر سائیکل سوار تین نامعلوم مسلح ملزمان آئے اور فائرنگ کر دی جس کی نتیجے میں 63سالہ نصیر الدین ولدشادی خان موقع پر جاںبحق ہو گیا ،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ا ور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ،ایس ایچ او اللہ دتہ کے مطابق مقتول عبدالرحمن اسٹیٹ ایجنسی کا مالک تھا اور دوپہر کو کھانا کھانے ہوٹل پر اپنے دوست کے ساتھ بیٹھا تھا کہ نامعلوم ملزمان مسلح ملزمان آئے اور مقتول کو نشانہ بناکر موقع سے فرار ہو گئے ،انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول کا آبائی تعلق کوئٹہ جبکہ گلشن جمالی کا رہائشی تھا ،پولیس نے واقعہ ذاتی دشمنی کا قرار دیا ہے۔ ،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعدلاش ورثا کے حوالے کر دی ہے،جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔