مہنگائی وبدعنوانی نے عوام کی حالت خراب کردی، عبد الحق ہاشمی

149

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت کی نااہلی ،ناکامی وغفلت اور کوتاہی کی وجہ سے حالات تشویشناک اور ان کے سرپرست و خیر خواہ پریشان ہیں ۔مہنگائی وبدعنوانی نے معیشت تباہ اور عوام کی حالت خراب کر دی ہے ،پریشانی ومسائل میں بدترین اضافہ ہوا ہے، عوام کی قوت خرید کم ہوئی ہے، اشیائے ضروریہ کے لیے بھی عوام کے پاس رقم نہیں۔ حکومت کو تسلیم کر لینا چاہیے کہ اپنے رویے اور ناکارا ٹیم کے ساتھ بحرانوں میں گھرے پاکستان کو چلانا ان کے بس کا روگ نہیں ۔جماعت اسلامی کی مہنگائی ،بدامنی اور بدعنوانی کے خلاف مہم کی کامیابی غریب عوام اور ملک کی کامیابی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں گڈگورننس کا نام ونشان نہیں پچھلی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت بھی ناکامی سے چل رہی ہے ،گڈ گورننس کرنا اور اسٹیٹس کو توڑنا تبدیلی سرکار نے ناممکن بنا دیا ہے۔ حکومت نے عوام کو مہنگائی ،بدامنی اوربدعنوانی سے نجات کے لیے کچھ نہیں کیا توعوام اس حکومت اور اس کے لٹیروں سے نجات حاصل کریں گے، نااہل حکومتی معاشی دہشت گردوں ،بدعنوان عناصر سے ہر سطح پر نجات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت کے پاس موقع ہے کہ وہ عوام کی حالت بہترکرنے مسائل سے نجات اورمہنگائی کے حوالے سے معاشی ریلیف دے، یوٹیلیٹی اسٹورز پرریلیف نہ ہونے کے برابر ہے بلوچستان میں یوٹیلیٹی اسٹورزکی حالت بھی دگرگوں ،اسٹورزمیں سامان نہ ہونے کے برابرہے، جماعت اسلامی ان عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آوازبلند کرتی رہے گی، عوام جماعت اسلامی کا مہنگائی بدامنی وبدعنوانی کے خلاف مہم میں ساتھ دیں ۔ 18 ماہ میں حکومتی ناکام معاشی پالیسیوں اور آئی ایم ایف کی شرائط کے سامنے ڈھیر ہونے کی وجہ سے مہنگائی و بے روزگاری بے قابو ہے ۔ افراط زر اور بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے معاشی سرکل نہیں چل رہا جس سے کسان ، تاجر ، ملازمین ، پنشنرز ، کلرک ، صنعتکار ، طلبہ ، نوجوان اور خواتین سراپا احتجاج ہیں ۔ جماعت اسلامی کی مہنگائی ، بے روزگاری کے خلاف ملک گیر رابطہ مہم عوام کو ظلم و جبر ، کرپشن اور خوشیاں چھیننے والے نظام کے خلاف منظم کریں گے ۔ جماعت اسلامی عوامی طاقت سے ظلم کے نظام کا خاتمہ کردے گی ۔