حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

352

کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر میں ٹریفک حادثات و دیگر واقعات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2بھائیوں سمیت 13افراد زخمی ہو گئے، کینٹ اسٹیشن اور سرجانی کے علاقوں سے 2افراد کی نعشیں ملیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کی شب لانڈھی نمبر 4پر جوبلی اسنیک بار کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے منی بس کو ٹکر ماردی ،جس سے 32سالہ نامعلوم شخص ہلاک اور 7 افراد زخمی ہو گئے،ہلاک و زخمیوں کو جناح اسپتال پہنچادیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئی اور کرین کی مدد سے منی بس کو اٹھا کر راستہ کلیئر کرادیا۔گزشتہ روز پریڈی تھانے کی حدود ریگل چوک پر بھی ٹریفک حادثے میں 19 سالہ نامعلوم خاتون جاں بحق ہوگئی۔متوفی کی نعش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بلدیہ نمبر 4میں مزار کے قریب حادثے میں 35سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہو گیا جبکہ سپر ہائی وے ٹول پلازا اور رینجرز چوکی کے قریب بھی ٹریفک حادثے میں 62سالہ نامعلوم شخص ہلاک ہو گیا ،متوفی کی نعش کو عباسی شہید اسپتال لایا گیا۔ادھرسرجانی سیکٹر 7A پلاٹ نمبر 19 ہاؤس نمبر L112 کے قریب گھر سے ایک شخص کی 5روز پرانی لاش برآمد ہوئی جبکہ آرٹلری میدان تھانے کی حدودکینٹ اسٹیشن عسکری تھری میں گھرسے 6روز پرانی نعش ملی ہے۔پولیس نے نعش کو جناح اسپتال پہنچایا۔پریڈی تھانے کی حدود میں نیشنل آئل سے ملحقہ انگورانی مینشن بلڈنگ میں گیلری گرنے سے12سالہ عتیق ولد سمیع ،16سالہ عباد ولد سمیع،40سالہ نعیم ولد محمد علی،40سالہ اکرم اور دو سالہ سلطان ولد زبیر زخمی ہو گئے۔