قائمہ کمیٹی نے بجلی کی ترسیل و تقسیم کے ترمیمی بل کی توثیق کردی

106

اسلام آباد (اے پی پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بجلی نے بجلی کی ترسیل و تقسیم کے ترمیمی بل 2019ء کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادہندگان کی سزا بروقت واجبات اد اکرنے والوں کو نہیں ملنی چاہیے‘ 99 فیصد بل دینے والے بل ادا نہ کرنے والوں کی وجہ سے سزا کیوں بھگتیں‘ واجبات کی وصولی کو بہتر بنایا جائے‘ گردشی قرضے کی وجہ سے پوری معیشت خطرے میں ہے‘ بلوچستان کے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو چیئرمین چودھری سالک حسین کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ وزارت بجلی اور این ٹی ڈی سی کے افسران نے کمیٹی کو وزارت بجلی کی کارکردگی، بجلی کی تقسیم، ترسیل اور دیگر متعلقہ معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمیٹی کو بتایا کہ لاکھڑا کول پاور پلانٹ اب پیداوار نہیں دے رہا‘ حویلی بہادر شاہ اور بلو کی پاور پلانٹ کی نجکاری کی جا رہی ہے‘ بجلی چوری کی روک تھام کیلیے اقدامات جاری ہیں‘ نیشنل الیکٹرک پالیسی و پلان کابینہ سے منظوری کے بعد مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کیاجائے گا۔ کمیٹی کے چیئرمین نے وزارت توانائی کے حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں گردشی قرضوں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دیں۔