ملک میں مزید تین ہوائی اڈے فعال کرنے کا فیصلہ

618

اسلام آباد: ملک میں مزید تین ائیرپورٹس کو فعال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت ہوابازی نے ملک میں سیاحت اور ایوی ایشن کی صنعت کو ترقی دینے کے لیے مزید تین ائیرپورٹ کو کھولنے اور ان کو مکمل فعال کرنے کافیصلہ کیاہے۔

یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے تاکہ اگر کوئی ان ائیرپورٹس پر فضائی سروس شروع کرنا چاہے تو وہاں مسافروں کو مکمل سہولیات فراہم کی جاسکیں گی جس کے تحت سیدوشریف سوات ائیرپورٹ کوفعال کردیا گیاہے۔ اس کے ساتھ سیدوشریف ائیرپورٹ کے رن وے کی توسیع بھی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں بڑے جہاز بھی سوات آسکیں ۔

دوسری جانب  پی آئی اے میں جہازوں کی کمی کی وجہ سے بند ہونے والے ڈی آئی خان ائیرپورٹ کوبھی دوبارہ سول پروازوں کے لیے تیارکرلیاہے۔ڈی آئی خان ائیرپورٹ پر اے ٹی آر طیارے جاسکتے ہیں جبکہ پاراچنار ائیرپورٹ جوکے عرصہ دراز سے سول پروزاوں کے لیے بندتھا کوبھی تیارکرلیاگیاہے ۔

اس حوالے سے ترجمان وزارت ہوابازی عبدالستارکھوکھر نے کہاکہ ہم نے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے اگر کوئی بھی فضائی کمپنی بشمول پی آئی اے اپنی پروازیں شروع کرناچاہتی ہے تو ہم فورا ان تین ائیرپورٹس کوتیارکرلیں گے۔