دھابیجی، پانی کے بحران پر سندھ ہائی کورٹ کراچی میں پٹیشن دائر

89

دھابیجی (رپورٹ: قاری عبدالسلام) یوسی دھابیجی میں پینے کے پانی کے بحران پر مقامی سماجی رہنما سندھ ہائی کورٹ پہنچ گیا۔ عدالت نے فریقین کو 27 فروری کو طلب کرلیا۔ دھابیجی کے سماجی رہنما غلام مصطفی ساریو کی جانب سے یوسی کے علاقوں غریب آباد مارکیٹ، بلال نگر، شیخ عبدالمجید کالونی، ماڈل ٹاؤن، یعقوب آباد سمیت دیگر علاقوں میں گزشتہ کئی سال سے جاری پینے کے پانی کے بحران پر صوبائی حکومت سمیت پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کیخلاف سندھ ہائی کورٹ کراچی میں پٹیشن دائر کردی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ یوسی دھابیجی کو گزشتہ چالیس سال کے دوران پینے کے پانی کی کوئی اسکیم نہیں دی گئی ہے جبکہ پبلک ہیلتھ کی جانب سے 1980ء میں بچھائی جانے والی واحد مین پائپ لائن سے عملے نے پرائیویٹ اداروں کو سیکڑوں غیر قانونی کنکشن دے رکھے ہیں جس کے باعث پورے یو سی میں پینے کے پانی کا بدترین بحران ہے اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جس پر سندھ ہائی کورٹ نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ سمیت پبلک ہیلتھ انتظامیہ، ڈی سی ٹھٹھہ ودیگر کو 27 فروری کو طلب کرلیا۔