وزیر اعظم کا بزرگ حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے نام خط

323

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئر مین سید علی گیلانی کو خط لکھا جس میں  کشمیری عوام کے حقوق کیلئے ان کی جدوجہد کو سراہا ۔

عمران خان نے خط میں لکھا کہ بھارتی مظالم کے خلاف  کشمیری عوام کی جدوجہد میں آپ کی ثابت قدمی، شجاعت سے بھر پور اور مستحکم  رہنمائی کا میں متعارف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 72 سالہ دور میں بھارت نے کشمیریوں کی مزاحمت کو  کچلنے میں جو ظلم روا رکھا اور معصوم  بچوں اور عورتوں پر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا، وہ سخت قابل مذمت ہے۔

خط کے مندرجات میں مزید کہا گیا کشمیر پر غیر قانونی قبضہ سب سے زیادہ تشویش ناک ہے جو بین لاقوامی قانون، سیکورٹی کاؤنسل کی قراردادوں، اور دو طرفہ معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بھارت کے ان جارحانہ عملی اقدامات کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائی ہے اور اقوام متحدہ اور اس کے ماتحت اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی بین الاقوامی قانونی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرے اور مقبوضہ کشمیر میں عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے اپنے اختیارات استعمال کرے۔  یہ خوش آئند بات ہے کہ انسانی حقوق کے حوالے سے اقوام متحدہ نے اپنی توجہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے حق میں مرکوز رکھی ہے۔

وزیر اعظم نے خط میں مزید لکھا کہ میں نے ہر بین الاقوامی انسانی حقوق اور سیکورٹی کے علمبردار پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے دنیا کو خبر دار کیا ہے کہ بھارت کا اگر یہی رویہ رہا تو خطے میں امن کی صورتحال بگڑ سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا اور بالخصوص مغربی میڈیا نے کشمیر کے مسئلے کو عوامی سطح پرلانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

عمران خان نے بانی پاکستان قائد اعظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے حق میں چٹان  کی طرح کھڑی ہے اور ہر معاملے میں متحد ہے۔ میں نے بھارت کو خبر دار کردیا ہے کہ اگراس کی یہ روش رہی تو ایسے جنگی حالات پیدا ہونگے جو حد سے تجاوز کرجائیں گے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میرے بارے میں آپ کی اچھی رائے اور میری حکومتی صلاحیتوں کی قدردانی کا میں شکر گزار ہوں۔ آپ دعا کیجئے کہ اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے اور پاکستان کو ریاست مدینہ کا مظہر بنانے میں قادر مطلق ہماری رہنمائی کرے۔