امریکا طالبان امن معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے، پاکستان

120

اسلام آباد(اے پی پی+صباح نیوز)پاکستان نے کہا ہے کہ امریکا طالبان امن معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے،معاہدے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا،پاکستان افغانستان میں امن و استحکام دیکھنے کا خواہاںہے، توقع ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ بھارت کے دوران کشمیر کا مسئلہ بھارتی قیادت سے اٹھائیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران توقع ظاہر کی کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا خیال رکھا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں انٹر افغان ڈائیلاگ کا آغاز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ افغانستان میں امن و استحکام دیکھنے کا متمنی ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کئی بار کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے ،ہم توقع کرتے ہیں کہ صدر ٹرمپ دورہ بھارت کے دوران ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے کشمیر کا مسئلہ بھارتی قیادت کے سامنے اٹھائیں گے۔ ترجمان نے امریکی سینیٹرز کی جانب سے امریکی سیکرٹری خارجہ کو تحریر کردہ خط کا خیر مقدم کیا،جس میں مقبوضہ کشمیر میں عوام کی مشکلات و مصائب کی طرف توجہ دلائی گئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا بھر میں کشمیری عوام کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں اور بھارتی حکومت سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی آزادی کی فراہمی، ڈریکونین قوانین کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق تنازع کے منصفانہ حل کے مطالبات کیے جاتے ہیں۔ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے حالیہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اعلی سطح پر یہ دورے عالمی برادری کا عالمی امن و استحکام میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار پر اعتماد کا اظہار ہے۔چین میںکورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ میں ہمارے مشن کے 2 افسران پر مشتمل ٹاسک فورس کو چینی شہر ووہان میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہاں مقیم پاکستانی طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس نے پہلے ہی ووہان میں 7 جامعات کے دورے کیے ہیں اور ان طلبہ سے فرداً فرداً اور ان جامعات کی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی ہے۔سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کی گرفتاری کے حوالے سے ترجمان نے اس تاثر کو سختی سے مسترد کیا کہ صرف پاکستانی تارکین وطن کو ہی نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سعودی حکومت ہر سال ماہ رمضان سے قبل تمام غیر قانونی تارکین وطن اور ورکرزکیخلاف آپریشن کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکام نے اس مہم کے دوران دیگر ملکوں کے شہری بھی گرفتار کیے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ جدہ میں ہمارا قونصلیٹ اس سلسلے میں سعودی حکام کیساتھ مستقل رابطے میں ہے اور پاکستانی برادری کے مفادت کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے۔