جامعہ سندھ مدرسۃ الاسلام میں وی سی کے خلاف اساتذہ کا یوم سیاہ

1816

کراچی: صوبہ سندھ کی ساری سرکاری جامعات کے اساتذہ نےسندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کی طرف سے اساتذہ کو ہراساں کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے خلاف یوم سیاہ منایا۔

فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن(فپواسا) کے نائب صدر ڈاکٹر نعمت اللہ لغاری ،جنرل سیکریٹری ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ،اور صدر سندھ چیپٹر ڈاکٹر نیک محمد شیخ نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی پہنچ کہ اساتذہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا ۔

یوم سیاہ منانے کا اعلان فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) سندھ چیپٹر کی طرف سے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے اساتذہ کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر کیا گیا تھا۔

بعدازاں فپواسا لیڈران نے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کئے جس کے نتیجے میں وائس چانسلر نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (سمیوٹا) کو تسلیم کیا اور لیڈران کو یقین دہانی کروائی کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے اساتذہ کو دیے گئے شوکاز نوٹس منسوخ کئے جائیں گے، جس پر فپواسا نمائندگان نے سمیوٹا اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور سندھ کی ساری جامعات کے اساتذہ کے ساتھ اظہار تشکر کیا کہ وہ اپنے اساتذہ ساتھیوں کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔