پاکستان کا600کلو میٹر تک مار کرنیو الے رعد ٹو میزائل کا کامیاب تجربہ

277

راولپنڈی (اے پی پی) پاکستان نے فضا سے وار کر نے والے کروز میزائل’’رعد دوئم‘‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے،یہ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے، رعد دوئم زمین اور سمندر دونوںسے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کروز میزائل رعد دوئم کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ ڈائریکٹر جنرل اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج، چیئرمین نیسکام ڈاکٹر نبیل حیات ملک اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن، اسٹرٹیجک فورسز اور اسٹرٹیجک آرگنائزیشن کے سینئر افسران نے کیا۔ ڈائریکٹر جنرل اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں اور انجینئروں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کی تعریف کی جنہوں نے ہتھیاروں کے نظام کو آگے بڑھانے اور تجربے کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کامیاب تجربے کو پاکستان کی صلاحیتوں کی تکمیل کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو رعد دوئم کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی ۔