حکومت کا مفت مویشی اور رکشے فراہم کرنے کا اعلان

752

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے احساس اثاثہ جات اسکیم کے تحت مستحقین کو 60 ہزار روپے مالیت تک کے مویشی،رکشے اور ٹھیلے مفت فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت مٹاو مہم کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس اثاثہ جات پروگرام غریب ترین افراد کے لیے باعزت ذریعہ آمدن بنے گا، اس منصوبے کے تحت لاکھوں بے روزگار افراد کو روزگار میسر ہوگا اور مستحقین کا تعین احساس پروگرام کے غربت سروے کے تحت کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت 23 اضلاع کی 375 یونین کونسلوں میں 15 ارب روپے تقسیم ہوں گے جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار خاندان اس سے مستفید ہوں گے،اس پروگرام میں ابتدائی طور پرخیبر پختوخوا کے 10، پنجاب کے 3، سندھ کے 7 اور بلوچستان کے 3 اضلاع شامل ہیں، منصوبے کے تحت فی خاندان کو 60 ہزارروپے تک کے مویشی رکشے اور ٹھیلے مفت دیئے جائیں گے۔

احساس اثاثہ جات اسکیم کا باقاعدہ آغاز وزیراعظم عمران خان 21 فروری کو جنوبی پنجاب سے کریں گے۔