بلدیہ ٹاون کراچی میںٹرانسپورٹر اور اے این پی کے رہنماحاجی ظفر اللہ کو گولیاں مار کر قتل کر دیا ۔

558

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ اتحاد ٹاﺅن میں ڈاکوﺅں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ٹرانسپورٹر اور اے این پی کے رہنماکو گولیا ںمار کر قتل کردیا اور رقم و دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز نیول موڑ سعید آباد کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار تین ملزمان نے رقم لے کر جانے والے کار سوار حاجی ظفر اللہ آفریدی کو مزاحمت کرنے پر اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے بیٹے اور اڈے کے منشی کے ساتھ جا رہا تھا۔ملزمان نے مقتول کی رقم،موبائل فونز اور نائن ایم ایم پستول بھی چھین کر لے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق لوٹ مار اور فائرنگ کرنے والے ملزمان شکل وصورت سے بلوچ معلوم ہوتے تھے۔

مقتول حاجی ظفر اللہ الیاس کوچ اور روٹ نمبر ایکس 10اڈے کا مالک تھا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ نمبردرج کرلیا ہے۔مقتول حاجی ظفر اللہ عوامی نیشنل پارٹی ضلع ویسٹ کے صدر سیف اللہ آفریدی اور کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے جنرل سیکریٹری سید محمود آفریدی کا بھائی بتایا جاتا ہے۔مقتول کی لاش کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا،اطلاع ملنے پر ٹرانسپورٹ برادری کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچ گئی ،

جس میں کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔۔ایس ایس پی فدا حسین جانوری کے مطابق 60 سالہ ضعیف مقتول کو کئی گولیاں ماری گئیں۔عموما تنہا اور نہتے شخص کے ساتھ ڈکیتی کی واردات میں ایسا نہیں ہوتا۔پولیس کا شبہ ہے کسی رنجش یا دشمنی کی بنا پر ظفراللہ کو قتل کیا گیا۔ سعید آباد پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔