پاک ترک دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مشترکہ لڑنے کا عزم

459

اسلام آباد: پاکستان اور ترکی نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مشترکہ لڑنے کا فیصلہ کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورے پاکستان کے اختتام پر دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے،جس میں اسلا موفو بیا کی بڑھتی ہوئی لہراورمسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے دہشت گردی اورنسل پرستانہ حملوں پر گہری تشویش کا اظہارکیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کوکسی مذہب، قومیت اور تہذیب سے نہیں جوڑا جاسکتا، دہشت گردی کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے اورخاص طورپرطویل مدت تنازعات کے حل اورغیرملکی تسلط کے خاتمے پرزوردیا گیا، اقوام متحدہ کی سینکشنزرجیم کا دائرہ کاربڑھانے پراتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے لازوال تعلقات کے تحفظ پرزوردیا گیا اور دونوں ممالک کے شاندارتعلقات کوباہمی فائدہ مند شراکت داری کو توسیع دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا، چیلنجز میں ایک دوسرے کی مدد اورحمایت کے جذبے کی یاد دہانی کی گئی اوردونوں ممالک کی لازوال دوستی کو بھی دوہرایا گیا۔

اعلامیے میں پاک ترک ہائی لیول اسٹریٹجک تعاون کونسل میکانزم پر زور دیا گیا، ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل فورم کو جاری رکھنے اور پاکستان ترکی ڈیکلریشن آف اسٹریٹجک اکنامک فریم ورک‘ اینڈ ایکشن پلان کو حتمی شکل دینے کا خیرمقدم کیا گیا جبکہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑائی کے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔