بحریہ ٹاؤن منظور شدہ مطالبات کا نوٹیفکیشن جاری کرے ٗحافظ نعیم الرحمن

702

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ متاثرین کے مسائل کے حل اور یقین دہانیوں پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جن مطالبات کو منظور کیا جا چکا ہے ان کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کرے، جماعت اسلامی متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ،مذاکرات اور بات چیت سے مسائل حل ہو جائیں تو بہتر ہے ورنہ پرامن احتجاج اور عدالتی آپشن بھی استعمال کریں گے ،بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے 35فیصد ڈیولپمنٹ چارجز کی مدت میں اگرچہ ایک ماہ کاضافہ کردیا ہے لیکن الاٹیز کا مطالبہ ہے کہ چارجز مکمل طور پر ختم کیے جائیںاور ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ متاثرین کا یہ مطالبہ تسلیم کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں بحریہ ٹاؤن کے متاثرہ الاٹیز اور جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے ذمے دار ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کے رہائشی پروجیکٹ کے سربراہ ملک ریاض کی ٹیم کے ساتھ ہمارے مذاکرات میں فوری طور پر جو مطالبات تسلیم کر لیے گئے تھے وہ مسائل کے حل کی جانب مثبت پیش رفت تھی جبکہ باقی مطالبات کے لیے جو کمیٹی تشکیل دی گئی تھی امید ہے کہ وہ کمیٹی دیگر مطالبات کے حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کرلے گی اور ہزاروں متاثرین جن میں بیرون ملک پاکستانی بھی بڑی تعداد میں شریک ہیں کو ضرور ریلیف ملے گا بصورت دیگر ہمارے اور متاثرہ الاٹیز کے لیے سارے آپشن کھلے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ فوری طور پر فورسڈ پزیشن کا مسئلہ حل کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے کہ 4 سال تک کسی کو پزیشن پر مجبور نہیں کیا جائے گا جبکہ مزیدجو مطالبات منظور کیے جاچکے ہیں ان میں یہ شامل ہے کہ جن الاٹیز کے بھی پلاٹس کینسل کیے گئے ہیں ان تمام لوگوں کو پلاٹس دیے جائیں گے یا اگر وہ چاہیں گے تو وہ اپنے پیسے واپس لے سکیں گے، پیسے واپسی کی مدت کا تعین کمیٹی کرے گی۔جو الاٹیز بھی ریفنڈ لیں گے کسی کا بھی چیک باؤنس نہیں ہوگا چیک آنر ہونے کی مدت کا تعین کیا جائے گا۔بحریہ ہائٹس A،B،C، D،E،F،G،H،I،J،K،Lیہ تقریباً 12ٹاور ہیں ان تمام پروجیکٹس میں بحریہ رقم وصول کرچکا ہے ان کو آئندہ 6 ماہ سے ایک سال کی مدت میں مکمل کر کے الاٹیز کے حوالے کیاجائے۔جن الاٹیز کی بھی بکنگ بحریہ ٹاؤن کے کسی بھی پروجیکٹ میں ہے انہیں لازماً کہیں پر ایڈجسٹ کیاجائے گا یا پھر ان کی رقم واپس کردی جائے گی، وقت کا تعین کمیٹی کرے گی۔نئے پریسنٹ 61، 62 اور 63میں ساڑھے 14 ہزار الاٹیز کو ایڈجسٹ کردیا گیا ہے ان پلاٹس کی الاٹمنٹ 3 ماہ میں دے دی جائے گی، ان پریسنٹ کی جگہ کا تعین فوری طور پر لوگوںکو بتادیا جائے گا۔بقیہ مطالبات کے لیے آئندہ میٹنگ میں گفتگو ہوگی ۔ضروری ہے کہ معاملات کو بہتر طریقے سے آگے بڑھانے کے لیے مذکورہ بالا امور کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور دیگر مطالبات کی منظور ی کویقینی بنایاجائے ۔