وفاقی حکومت عوام کیلیے عذاب ثابت ہوئی ہے،سعید غنی

138

بدین/ٹنڈوباگو(نمائندگان جسارت )صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا ہرپیکج اپنے اے ٹی ایمز کی غربت دور کرنے اور غریب کے خاتمے کے لیے ہے، وفاقی حکومت سندھ کے لیے سوتیلی ماں اور عوام کے لیے عذاب ثابت ہوئی ہے۔یہ بات انہوں نے بدین میں پیپلز پارٹی سندھ کے سکرٹری اطلاعات عاجز دھامراہ کے ساتھ رکن اسمبلی تاج محمد ملاح سے ان کی اہلیہ کی وفات پر فاتحہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی مدد رہنمائی ان کے جائز آئینی حقوق اور وسائل مہیا کرنے کی بجائے حقوق پر ڈاکا اور وسائل پر قابض ہو کر عوام کے لیے مشکلات اور مسائل پیدا کر رہی ہے ،سندھ کا سیاسی آئی جی تبدیل نہیں کیا جا رہا ،ایس پی ڈاکٹر رضوان نے بے بنیاد الزام عاید کیے۔ سعید غنی نے میر غلام محمد ٹالپور ہائر سیکنڈری اسکول کے بانی میر غلام محمد خان ٹالپور کی 88 ویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے 50 ہزار اسکولوں کے نظام کو جدید اور افعال کرنا کسی ایک فرد کا کام نہیں سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، محکمہ تعلیم سے بدعونانی کے خاتمے کا آغاز سندھ سیکٹریٹ اور تعلیمی بورڈ سے کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا حیدرآباد تعلیمی بورڈ اور نجی تعلیمی اداروں سمیت دیگر بورڈ میں تعلیمی دشمن مافیا کی بڑے پیمانے پر شکایات سامنے آرہی ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ میں 34 ہزار ٹیچرز کی اسامیاں خالی ہیں ۔ پہلے مرحلہ میں 12 ہزار ٹیچرز بھرتی کیے جائیں گے ۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم سندھ کے کنٹریکٹ اساتذہ ، اقرا یونیورسٹی کمیشن پاس اساتذہ۔این ٹی ایس 2015 ء اورآئی بی اے ہیڈ ماسٹرز نے وزیرتعلیم سندھ کو اپنی عدم مستقلی کے حوالے سے زبانی اورتحریری طورپرآگاہ کیا جس پر وزیرتعلیم نے یقین دہانی کروائی اس معاملے کو کابینہ کی مشاورت سے حل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ میں اساتذہ سے کہا کہ آپ اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیں اور مجھے نتائج دیں میں آپ کی مستقلی،ٹائم اسکیل اوردیگرمسائل حل کروں گا۔