سراج الحق سے منسوب جعلی خط کیخلاف سائبر کرائم سیل میں درخواست دائر

236

لاہور(نمائندہ جسارت)ایف آئی اے سائبرکرائم میں جماعت اسلامی کی جانب سے حوالہ نمبر LHR 6170/20کے ساتھ درخواست دائر کردی گئی ہے درخواست جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے دائر کی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا جعلی خط سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا ۔ درخواست میںذمے داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ درخواست میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا سے متعلقہ جعلی مراسلہ فوری ہٹایا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کے امیر کی جانب سے ایک سے زاید شادیوں اور بچوں کی پیدائش کے حوالے سے کوئی بھی مراسلہ جاری نہیں کیا گیا۔ جماعت اسلامی جعلی خط پھیلانے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی چاہتی ہے ۔ سوشل میڈیا پر کسی کو بھی ذاتی حملوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے سوشل میڈیا ورکرز کے لیے ایک ضابطہ اخلاق بنا رکھا ہے جس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے ۔اسی طرح تمام سیاسی و دینی جماعتوں کو سوشل میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق بنانا چاہیے۔