بھارت میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 16 ہلاک، درجنوں زخمی

692

نئی دہلی: آگرہ لکھنو ایکسپریس وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں کم از کم 16 مسافر ہلاک جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق آگرہ لکھنو ایکسپریس وے پر ایک ٹرک ڈرائیور سڑک کے کنارے ٹرک کھڑا کر کے ٹائر تبدیل کر رہا تھا کہ پیچھے سے مسافر بس ٹرک سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 16 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ٹرک ڈرائیور سمیت 30 سے زائد افراد شدید زخمی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر بس دہلی سے موتیہاری جارہی تھی کہ راستے میں حادثہ پیش آیا۔ تاہم حادثے کی وجہ کا تعین تحقیقات کے بعد ہی کیا جائے گا۔

اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اسپتال حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جس میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔