سندھ حکومت کا عمارتوں کی انسپیکشن کا اختیار ایس بی سی اے سے واپس لینے پرغور

342

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے عمارتوں کی انسپیکشن کا اختیار ایس بی سی اے سے واپس لینے کے لیے محکمہ بلدیات کو تجاویز تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ بلدیات کو تجاویز تیار کرنے کاحکم دے دیا ہے، ایس بی سی اے افسران زیرتعمیرعمارتوں کی انسپیکشن نہیں کرسکیں گے،

ذرائع کے مطابق سندھ بھر میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیرکا انسپیکشن نجی شعبہ کرے گا، منظور شدہ نقشے کے مطابق تعمیرات کی انسپیکشن بھی نجی شعبہ کرے گا،وزیراعلیٰ کے ا حکامات پر محکمہ بلدیات آئندہ چند روزمیں تفصیلی تجاویزتیار کرے گا، ایس بی سی اے سے انسپیکشن اختیار واپس لینے کے لیے قواعد میں ترمیم کرنا ہوگی،

خیال رہے کہ کراچی میں ہزاروں عمارتیں مروجہ قواعد اور منظور شدہ نقشے کے بغیرتعمیر کی گئی ہیں، مبینہ بدانتظامی، بدعنوانی کے سبب بھی زیر تعمیرعمارتوں کی انسپیکشن نہیں کی جاتی ہے،

یاد رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ نے کراچی میں غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور زمینوں پر قبضے ودیگر معاملات سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ظفر احسن کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا،

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے تھے کہ وزیراعلیٰ سندھ تمام معاملات خود دیکھیں اور کسی ایماندار افسر کو ایس بی سی اے کا ڈی جی تعینات کیا جائے۔ عدالت عظمیٰ نے کہا تھا کہ جب تک نیا ڈی جی نہ لگے چیف سیکرٹری خود معاملات کنٹرول کریں۔