میں بھی کرکٹر ہوں، سیاستدان نہ ہوتی تو ویمن ٹیم کی ہیڈکوچ ہوتی، معاون خصوصی

452

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میں خود بھی کرکٹر ہوں، اگر سیاستدان نہ ہوتی تو ویمن ٹیم کی ہیڈکوچ ہوتی۔

روالپنڈی میں جاری پاک بنگلادیش ٹیسٹ میچ دیکھنے کے بعد اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم ہر وقت کرکٹ میں بہتری کے حوالے سے سوچتے رہتے ہیں، ملک میں ہر قسم کی کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، بنگلادیش نے ملک میں  کرکٹ کی بحالی کے لیے ہمارا ساتھ دیا جس پر ان کی شکرگزار ہوں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک نے پاکستان میں کرکٹ کو روکنے کے لیے ہر محاذ پر رکاوٹیں کھڑی کیں،  اسپیڈ بریکر لگائے اور جو بیانیہ پیش کیا آج اس کی نفی ہوگئی ہے،پاکستان میں کرکٹ کا سفر آگے بڑھے گا دنیا بھر کی ٹیمیں اب پاکستان آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا اور خطے میں امن کے لیے ضروری ہے ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر سے فوری طور پر کرفیو ہٹائے اور انہیں انسانی کی طرح زندہ رہنے کا حق دے، اقوام متحدہ نے جو حق ان کشمیریوں کو دیا ہے اس کے مطابق انہیں زندگی گزارنے دے۔