خطہ کشمیر ارض فلسطین کی طرح مظلوم ترین گوشہ ہے، محمد عامر صدیقی

158

راولپنڈی (جسارت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صدر ترقی پسند فلاحی تنظیم محمد عامر صدیقی نے کہا ہے کہ خطہ کشمیر ارض فلسطین کی طرح دھرتی کا مظلوم ترین گوشہ ہے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے دن پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کو بتاتے ہیں کہ کشمیری قوم کو بھارتی ظلم کیخلاف جدوجہد آزادی میںانہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتے ہم ان کی سیاسی، سماجی، سفارتی اور معاشرتی حمایت جاری رکھیں گے عامر صدیقی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا نا مکمل ایجنڈا ہے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ، بھارت کے کشمیر میں گھنائونے مظالم، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں اور آبی جارحیت دنیا کے سامنے ہیں، پاکستانی قوم دشمن کیخلاف متحد اور قوم کا بچہ بچہ دفاع وطن کے لیے پر عزم ہے۔ عامر صدیقی نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے اور دنیا کی بہترین تربیت یافتہ فوج رکھتا ہے۔ بھارت نے اگر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے 1965ء کی طرح شکست کا سامنا ہوگا۔ مودی نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کو ختم کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیر کو بھارتی ریاست ڈیکلیئر کر کے 80 لاکھ کشمیریوں کو غلام بنانے کی کوشش کی عامر صدیقی نے کہا کہ آج کشمیر یوں کو یرغمال بنائے 185 دن ہو چکے ہیں قابض بھارتی فورسزکا کشمیریوں کیخلاف ممنوعہ پیلٹ گن کے استعمال پر بھی عالمی ضمیر نہ جاگا، مسلسل کرفیو نے عوام کو عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے آج کے جدید دور میں اخبارات ،ٹیلی فون، انٹر نیٹ بند کر کے مظالم کو چھپانے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے جس کی پاکستانی قوم بھرپور مذمت کرتی ہے وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے بھارتی جبر و تسلط سے آزادی نصیب ہوگی اور وہ خود اپنی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔