ق لیگ چھوڑنے والے کچھ لوگ عمران خان کو گمراہ کررہے ہیں،مونس الہٰی

394

حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ(ق)کے رہنما چوہدری مونس الٰہی نے کہا کہ کچھ لوگ عمران خان کو فیل کرنا چاہتے ہیں،ق لیگ چھوڑنے والے کچھ لوگ عمران خان کو گمراہ کرتے ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الہی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی وزیراعظم کے ساتھ پہلی ملاقات اچھی رہی جس میں ان کیساتھ کھل کرباتیں ہوئیں تھیں،وزیراعظم نے جو باتیں کیں،ان کو کلیئر کیا،خیال تھا کہ سب باتیں ہونے کے بعد معاملات ٹھیک ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں پارٹی خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے انھیں یقین دلایا تھا کہ ہم حکومت کے ساتھ ہیں،چاہتے ہیں معاملات احسن انداز سے حل ہوں،تاہم ایک کمیٹی کے ہوتے ہوئے دوسری کمیٹی کا قیام بلا جواز تھا۔

مونس الہٰی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا معاہدہ تھا کہ ہمارے وزرا با اختیار ہوں گے،3 اضلاع کے حوالے سے معاملات طے ہوئے تھے،طے ہوا تھا کہ ہماری وزارتوں میں مداخلت نہیں کی جائے گی، پہلی کمیٹی سے جو معاملات طے ہوئے تھے، ان پر کام شروع ہو گیا تھا،وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا جو پہلی کمیٹی سے معاملات طے ہوئے، اس پر عمل ہوگا۔

مونس الٰہی نے بتایا کہ ن لیگ کے لوگوں سے ملاقات ہوتی رہتی ہے،اسمبلی میں کئی لوگ ہماری سوچ کے ہیں، تاہم انہوں نے کہاکہ چودھری پرویز الہی وزیراعلی کے امیدوار نہیں، ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ حکومت کے ساتھ اتحاد چلے اور اگلا الیکشن بھی مل کر لڑیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آٹے اور چینی کے بحران پر حکومت قابو پا لے گی، چیزیں اب بہتری کی طرف چل پڑی ہیں۔