وزیر اعظم دو روزہ دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے

261

وزیر اعظم عمران خان ملائیشیاءکے دو روزہ دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے جہاں ائیر پورٹ پر ملائیشیاءکے وزیر دفاع محمد صابونے ان کا استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پیر کو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملائیشیاءکے دو روزہ دورے پر دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے جہاں بنگا رایا کمپلیکس کوالالمپور انٹرنیشنل ائیر پورٹ آمد پر ملائیشیاءکے وزیر دفاع محمد صابو اور ملائیشین حکومت کے دیگر سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا ۔اس موقع پر ملائیشیاءمیں پاکستان کی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور ہائی کمیشن کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر ، مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں ۔

دورے کے دوران وزیراعظم اپنے ملائیشینہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان متعدد اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے میں ملائشیا کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز (آئی ایس آئی ایس) کے زیر اہتمام تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے۔