پی ٹی آئی کی اراکین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے بل کی مخالفت

441
اپوزیشن ذاتی مفاد کے لیے عمران خان کو بلیک میل کر رہے ہیں، فیصل جاوید خان

حکومتی جماعت  پاکستان تحریک انصاف نے اراکین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے بل کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر نصیب اللہ بازئی، سجاد حسین توری، دلاور خان، ڈاکٹر اشوک کمار اور دیگر سینیٹرز کی جانب سےچیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے بلزجمع کروائے ہیں ۔

تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کےتین بلزکوسینیٹ ایجنڈے میں شامل کرلیے گئے جو پیر کو سینیٹ میں پیش کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ارکان سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے بل کی مخالفت کرے گی کیونکہ وزیراعظم عمران خان نے قومی وسائل کی بچت کی ہدایات دے رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور تحریک انصاف کی ترجیح عوام خصوصاً غریب طبقہ ہے اور قومی خزانے کو خود پر استعمال نہ کرنے کی ابتداء وزیراعظم نے خود سے کی ہے لہذا ملکی معیشت مستحکم ہونے تک عوامی نمائندوں کو بھی وزیراعظم کی تقلید کرنی چاہیے۔