سول ایو ی ایشن اتھارٹی کو افسران کی کمی کا سامنا ،شعبہ کمیونی کیشن نیوی گیشن سروسز سی این ایس طاہر عمر کے سپرد ،

201

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ملک کے اہم ترین ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو افسران کی کمی کا بدستور سامنا ہے، ایک اور افسر کو اضافی ذمہ داری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سی اے اے کے اہم شعبے میں افسر کو اضافی ذمہ داری دے دی گئی، ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے شعبہ کمیونی کیشن نیوی گیشن سروسز (CNS) طاہر عمر کے حوالے کر دیا۔ ڈی جی سی اے اے نے طاہر عمر کو ڈائریکٹر سی این ایس کا اضافی چارج بھی دے دیا، اس شعبے میں الیکٹرانک انجینئر کی تعیناتی ہوتی ہے، تاہم ایک آئی ٹی ماہر کو اس کی ذمہ داری دی گئی، طاہر عمر کے پاس الیکٹرانک انجینئرنگ کا تجربہ نہیں۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ اب سینئر ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی ٹی طاہر عمر کو اضافی 20 فی صد مراعات بھی ملیں گی، ایچ آر ڈیپارٹمنٹ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے جنید اختر کے پاس سی این ایس کا چارج تھا، جنھیں ایچ آر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔خیال رہے کہ سی اے اے میں بعض اعلی عہدوں پر بھی عارضی طور پر افسران تعینات ہیں، جب کہ رواں سال 308 افسران اس ادارے سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔

ذرئع کے مطابق سی اے اے کے 5 اہم شعبہ جات میں مستقل بنیادوں پر ڈائریکٹرز تعینات نہیں ہو سکے، ان میں کمرشل، ائیر پورٹس سروسز، آپریشن، سی این ایس اور ایچ آر کے محکمے شامل ہیں، جن میں عارضی بنیادوں پر افسران تعینات کیے گئے ہیں، اہم پوسٹ ڈائریکٹر آپریشن سی اے اے پر بھی قائم مقام آفیسر تعینات ہے، ایئر پورٹ پر ریڈار اور اہم تنصیبات کے شعبے کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن نیوی گیشن سرویلنس کا عہدہ بھی کئی ماہ سے خالی ہے۔