چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا انڈونیشیا کا سرکاری دورہ

792

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی انڈونیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران امیرالبحر نے انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع سکتی ویہیو ترنگونو، بحریہ کے چیف آف اسٹاف ایڈمرل سیوی سکما اڈجی ، میرین کور کے کمانڈنٹ میجر جنرل سہارتنو سے ملاقات کی اور میرین بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو انڈونیشیا کے اعلی ترین فوجی ایوارڈ بنتنگ جالاسینا اتاما سے بھی نوازا گیا۔

جکارتہ میںنیول ہیڈ کوارٹرزآمد پر ، ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا انڈونیشی بحریہ کے چیف آف اسٹاف ، ایڈمرل سیو سکما اڈجی نے استقبال کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو عزازی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع اور چیف آف ا سٹاف سے ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی سمیت بحری امور اور دفاعی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

معززین نے خطے میں امن و استحکام کی بقاءکے لیے پاکستا ن کے مثبت کردار کو سراہا۔دفاعی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے سربراہان نے دفاع کی مختلف جہتوں میں باہمی اشتراک کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انڈونیشین بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک تقریب میں ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو انڈونیشیا کے اعلی ترین فوجی اعزاز بنتانگ جلسینا اتاما سے بھی نوازا گیا۔بعد ازاں ، نیول چیف نے جکارتہ میں میرین بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیاجہاں میرین کور کے کمانڈنٹ میجر جنرل سہارتنو نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر نیول چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ امیرالبحر نے میرین کور کے کمانڈنٹ میجر جنرل سہارتنو سے ملاقات کی اور میرین بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز میں مختلف تنصیبات کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے انڈونیشیا کی میرینز کور کی پیشہ ورانہ مہارت اور قابلیت کو سراہا۔ نیول چیف کا حالیہ دورہ بالعموم دونوں ممالک اور بالخصوص بحری افواج کے مابین دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔