جو فوج آٹھ ملین کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکی وہ پاکستانیوں کو کیسے شکست دیگی، ترجمان پاک فوج

368

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ جو فوج آٹھ ملین کشمیریوں کو 71سال سے شکست نہیں دے سکی وہ 22کروڑ پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بطور جی او سی اوکاڑہ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل راولپنڈی میں میڈیانمائندوں سے الوداعی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور ملٹری لیڈر شپ غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، بھارتی لیڈر شپ کہتی ہے 7سے10دن میں پاکستان کو ختم کر دیں گے،بات صرف 7یا10دِن کی نہیں اس سے پہلے اور بعد کی بھی ہے،جنگ میں کسی کی ہار جیت نہیں ہوتی، انسانیت ہارتی ہے۔

جنگ اسلحے کے زور پر نہیں،جذبہ ایمانی اورعوام کی حمایت سے لڑی جاتی ہیں

انہوں نے کہا کہ جو فوج آٹھ ملین کشمیریوں کو 71سال سے شکست نہیں دے سکی وہ 22کروڑ پاکستانیوں کو کیسے شکست دے سکتی ہے،پاکستان اور افواجِ پاکستان ہمیشہ آپ کو سرپرائزکریں گی، پہلے بھی کہا تھا جنگ شروع آپ کریں گےختم ہم کریں گے، افواج اسلحے کے زور پر نہیں،جذبہ ایمانی اور عوام کی حمایت سے لڑتی ہیں اور کوئی دْنیاوی طاقت ایک متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتی۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ فروری 2019 میں پاک بھارت جنگ دستک دے چکی تھی لیکن افواج پاکستان کی تیاری اور مؤثر جواب نے امن کا راستہ ہموار کیا، تینوں سروسز نے اپنے آپ کو قابل فورس کے طور پر منوایا، پاکستانی قیادت نے اس خطرے کو احسن طریقے سے نمٹایا۔

جنرل قمر باجوہ کی سپیریر ملٹری اسٹریٹیجی نے جنوبی ایشیا کو بہت بڑی تباہی سے بچایا

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ جنرل قمر باجوہ کی سپیریر ملٹری اسٹریٹیجی نے جنوبی ایشیا کو بہت بڑی تباہی سے بچایا،پاکستانی سول و ملٹری لیڈر شپ خطے میں امن کی خواہاں ہے،جنرل باجوہ کی ملٹری ڈپلومیسی نے اقوامِ عالم میں پاکستان کا مقام بلند کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی لیڈر شپ کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کو بند کریں، مقبوضہ کشمیر میں لگی آگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے،دنیا کو بھی اس خطرے کا ادراک ہو نا چاہیے۔

میڈیا اورسوشل میڈیا پر نوجوان میری بنیادی ٹیم رہے

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ڈیفنس رپورٹرز میڈیا میں میری بنیادی ٹیم رہے، ڈیفنس رپورٹرز نے بھر پور طریقے سے افواج پاکستان کی رپورٹنگ کی ڈیفنس رپوٹرز نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے افواج کے جذبہ کو مضبوط کیا ان کا کہنا تھا کہ بطور ترجمان کوئی بات ذاتی رائے نہیں ہوتی ملٹری ترجمان پالیسی سے مبرا کوئی بات نہیں کرسکتا اگربھارتی میرے جانے پر خوش ہیں تو میرے لیے یہ اعزاز ہے۔

انہوں نے میڈیا اور بالخصوص سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا ایک عہدِوفا ہے،وطن کی مٹی و ہم وطنوں کے ساتھ،عہدِوفا کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ انشااللہ ہم اس عہد کو وفا کریں گے۔