کرونا وائرس ، ملک کے تمام ائیرپورٹس پر تھرمل اسکینرز کم پڑ گئے،

998

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کرونا وائرس ملک میں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا، پاکستان کے تمام ائیرپورٹس پر تھرمل اسکینرز کم پڑ گئے،پاکستان نے عالمی ادارہ صحت سے تھرمل اسکینرز کی فراہمی کی درخواست کر دی ۔

چین سے شروع ہونے والا کروناوائرس دنیا بھر میں پھیلنے لگا،مریضوں کی تعداد روزبروز بڑھنے لگی،کئی ممالک متاثرہو چکے ہیں جبکہ پاکستان نے وائرس کی روک تھام کیلئے مزید ہنگامی اقدامات اٹھانا شروع کر دیئے ہیں۔

دوسری جانب ملک کے بین الاقوامی ائیرپورٹس پر تھرمل سکینر گنز کم پڑگئیں، عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کی مزید 100 گنز کی فراہمی کی درخواست منظور کرلی ۔تھرمل سکینرز کے زریعے انسانی جسم کے درجہ حرارت کی بغیر چھوئے جانچ کی جا سکتی ہے اور کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کی نشاندہی بھی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔

جاپان بھی پاکستان کی مدد کیلئے میدان میں آگیا ، کرونا وائرس کی چار ٹیسٹنگ کسٹس کل پاکستان کیلئے ارسال کرے گا جو دو فروری کو پہنچیں گی۔ایک ٹیسٹنگ کٹ کی مالیت دو ہزار امریکی ڈالر ہے جس سے پچاس ٹیسٹ ہوسکتے ہیں، ادھر چین اورمچی ائیرپورٹ پر پھنسے 100 کے قریب پاکستانیوں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی ہے۔