ایمبولینس میںپیٹرول ختم ہونے پر مریضہ کو رکشے میں ڈال کر سول اسپتال منتقل کیاگیا ،

433

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایمبولینس ڈرائیور کی غفلت نے شہر قائد میں مریضہ کی جان کو خطرے میں ڈال دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال سے نکلنے والی ریسکیو ادارے کی ایمبولینس کا پیٹرول کوریڈور تھری پر ختم ہو گیا، جس کے باعث گاڑی میں موجود مریضہ کی جان خطرے میں پڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق ایمبولینس ڈرائیور نے گاڑی میں پیٹرول کی موجودگی سے غفلت برتتے ہوئے مریضہ کی جان خطرے میں ڈالی، ایمبولینس راستے ہی میں رک جانے پر اور مریض کی حالت کے پیش نظر ساتھ موجود شخص پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔

کوریڈور تھری پر ایمبولینس ڈرائیور نے دوسری ایمبولینس منگوانے کے لیے سیل فون کے ذریعے ہیڈ آفس رابطہ کیا لیکن کسی نے فون نہ اٹھایا، ڈرائیور نے متاثرہ شخص سے تلخ کلامی بھی کی، ہیڈ آفس رابطہ نہ ہونے پر متاثرہ شخص نے راہ چلتا رکشا روک کر مریضہ کو اس میں سول اسپتال پہنچایا۔

فلاحی ادارے نے اپنے موقف میں کہا کہ ان کی ایمبولینس سروس میں خرابی نہیں تھی، پیٹرول ختم ہو گیا تھا، یہ واقعہ ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا۔ دوسری طرف ڈرائیور بجائے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے، متاثرہ شخص کے ساتھ بدتمیزی پر اتر آیا اور کہا کہ مریضہ کی حالت اتنی خراب نہیں ہے جتنی وہ کہہ رہا ہے۔