کورونا وائرس،چین میں ہلاکتیں 100 سے متجاوز ،17 ممالک لپیت میں

826
بیجنگ: چینی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے‘ مختلف مقامات پر شہریوں پر حفاظتی اسپرے کیا جا رہا ہے

بیجنگ ؍ برلن ؍ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مہلک وائرس اب تک 17 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے اور گزشتہ روز جرمنی نے پہلے کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کی تصدیق کی ہے۔ چینی دارالحکومت بیجنگ میں بھی کورونا وائرس سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے، جب کہ سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 106 ہو گئی ہے جب کہ مزید 4193 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد سرکاری اعداد شمار سے کئی گنا زیادہ ہے۔ اُدھر جرمنی کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے، اسے طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ امریکا اور کینیڈا نے اپنے شہریوں کے لیے سفری انتباہ جاری کیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو وائرس سے نمٹنے کے لیے مدد کی پیش کش کی ہے جب کہ امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی شہریوں کو چین کا سفر کرنے سے قبل سوچنا چاہیے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق چین سے باہر کورونا وائرس سے متاثرہ کی مصدقہ تعداد 17 ممالک اور علاقوں میں 77 ہو چکی ہے۔ منگل کے روز تک تھائی لینڈ میں 14، ہانگ کانگ میں 8، مکاؤ، تائیوان اور سنگاپور میں 7، 7، جاپان میں 6، امریکا اور آسٹریلیا نے 5، 5 جب کہ ملائیشیا اور جنوبی کوریا نے 4، 4 واقعات کی تصدیق کی ہے۔ فرانس نے 3، ویتنام نے 2 اور نیپال، کمبوڈیا، سری لنکا، کینیڈا و جرمنی نے ایک ایک مریض کی اطلاع دی ہے۔ علاوہ ازیں چینی حکام نے کورونا وائرس کی وبا ختم ہونے تک ملک بھر میں جنگلی حیات کی تجارت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ماہرین نے ووہان شہر کے ایک بازار سے لیے گئے نمونوں میں کورونا وائرس کی ایک نئی قسم کا سراغ لگایا ہے۔ اس بازار میں کئی دکانوں پر جنگلی جانور فروخت ہوتے ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ یہ وائرس اْن کے ذریعے پھیل رہا ہے۔