حکومت کا سابقہ حکمرانوں سے کیمپ آفسز اور سیکیورٹی پر خرچ رقم واپس لینے کا اعلان

533

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ کابینہ نے شریف خاندان، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی سے کیمپ آفسسز اور سیکیورٹی کی مد میں خرچ کی گئی رقم ایک مہینے میں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کابینہ اجلاس کے بعد معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مراد سعید نے کہا کہ 10سال میں24ہزار ارب روپے کا قرض لیا گیا، قرضوں کے باوجود صحت اور تعلیم سمیت کسی شعبے میں بھی بہتری نہیں آئی، یوسف رضا گیلانی نے ملتان اور لاہور میں پانچ کیمپ آفس رکھے تھے جبکہ آصف زرداری نے تین کیمپ آفس رکھے تھے، شریف برادران کے سی ایم آفس سمیت پانچ کیمپ آفس تھے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سیکیورٹی کے نام پر163ارب سےزائد کے اخراجات کئے،شریف خاندان کےلئے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد2753تھی،جاتی امراکی سیکیورٹی پر 214 کروڑ 13لاکھ روپے خرچ ہوئے،شریف خاندان نے27کروڑ روپے سے گھر پر خاردار تار لگائی۔

 مراد سعید نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کے طیارے کو556مرتبہ استعمال کیا، شہباز شریف نے 872کروڑ 59لاکھ سے زائد کی عیاشیاں کیں، نواز شریف نے خزانے سے لندن کے 25نجی دورے کئے،وزیراعظم عمران خان پی ایم ہاؤس کی بجائے بنی گالہ میں ذاتی رہائش گاہ میں مقیم ہیں، وزیراعظم عمران خان بیرون ملک دوروں پر خصوصی جہاز استعمال نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں سے اضافی اخراجات کا پیسہ ایک ماہ میں وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایک مہینے میں پیسے واپس نہ کئے تو قانونی کارروائی ہوگی۔ کیمپ آفیسرز کے قیام کو روکنے کےلئے قوانین میں ترامیم کی گئی ہے،جب کہ آئندہ کے لیے فیصلہ ہوا ہے کہ صدر یا وزیراعظم کیمپ آفسز نہیں رکھ سکیں گے۔