مسائل کے حل کیلیے سیاسی نمائندوں کا اتحاد ناگزیر ہے، گورنر سندھ

469
کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ ملاقات کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، عوام کے مسائل کے حل کیلیے تمام سیاسی نمائندوں کا اتحاد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ کراچی، سندھ کیلیے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیر غور آئے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کے مسائل کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس ضمن میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے کئی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے کے مسائل کا حل باہمی گفت و شنید سے نکالا جاسکتا ہے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے تشکیل پانے والے ترقیاتی منصوبے عوام کے وسیع تر مفاد میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔