ایرانی حملے میں فوجیوں کو دماغی چوٹیں آئیں، امریکی اعتراف

444

پینٹاگون نے عراق میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی حملے میں 34 فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان فوجیوں کو دماغی چوٹیں آئیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ دفاع کے ترجمان جوناتھن ہوفمین نے رپورٹرز کو بتایا کہ متاثرہ فوجیوں میں سے 8 کو مزید علاج کے لیے امریکابھیجا جا چکا ہے جبکہ دیگر نو کا جرمنی میں علاج جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 16 فوجیوں کا علاج عراق اور ایک کا کویت میں کیا گیا جس کے بعد تمام 17 ڈیوٹی پر واپس آ گئے۔

ترجمان نے کہا کہ حملے کے دنوں میں امریکی وزیر دفاع کو فوری طور پر زخمیوں سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

اس سے قبل ورلڈ اکنامک فورم میں میڈیا کے سوالوں کے جواب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ  میں ان زخموں کو ایسے زخموں کے مقابلے میں زیادہ سنجیدہ نہیں سمجھتا جو میں نے دیکھے ہیں۔

واضح رہے کہ 3 جنوری کو امریکی حملے میں ایرانی القدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر تہران حکومت نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے بغداد میں امریکی فوجی اڈے عین الاسد پر میزائل حملے کیے تھے۔