کلفٹن 3گدھوں کے سراورآلائشیں ، غیرملکی سفید گاڑی میں سوار افراپھینک کر فرار ہوئے،

535

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کلفٹن سے 3گدھوں کے سراورآلائشیں ملنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم واقعے کامقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا،واقعہ میں ممکنہ طورپرغیر ملکیوں کے ملوث ہونے کا امکان ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئی ،پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجزمیں سفیدرنگ کی گاڑی نظرآئی اور گاڑی سے گدھوں کے سر اور آلائشیں پھینکی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کلفٹن سے 3 گدھوں کی گردن اور باقیات ملنے سے متعلق پولیس کی مختلف پہلوﺅں سے تفتیش جاری ہے، گدھوں کی باقیات ملنے والی جگہ کی مختلف ویڈیوز حاصل کی گئی ہیں۔تفتیشی افسر کے مطابق ویڈیوز میں ایک گاڑی سے گدھے کی باقیات کو پھینکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیوز کی مدد سے گاڑی میں نظر آنے والے افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ میں ممکنہ طورپرغیر ملکیوں کے ملوث ہونے کاامکان ہے کیونکہ ماضی میں بھی ایسے واقعات میں غیرملکی ملوث پائے گئے، واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا تاہم جلد گاڑی کے مالک تک پہنچ جائیں گے۔پولیس کے مطابق تحقیقات کی جارہی ہے کہ کون کس مقصد کے لیے یہاں باقیات پھینک گیا جبکہ ماضی میں بھی پنجاب سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں گدھے کے گوشت کی فروخت اور کھالوں کی درآمد کا سلسلہ چلتا رہا ہے۔

تفتیشی ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ گدھوں کا گوشت بیچنے والے ملزمان باقیات کھلے عام پھینکنے کے بجائے انہیں زمین میں دبا دیتے ہیں۔پولیس کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ویڈیوز اور تفصیلات میڈیا سے شیئرکی جائیں گی۔دوسری جانب واقعے کے عینی شاہد اور کچرا اٹھانے والے نسیم نے بتایا کار سوار افراد بورے میں سر اور دیگر سامان لے کر آئے، گاڑی سے بورے کچرا کنڈی میں پھینک کر گاڑی چلی گئی، گاڑی غیرملکیوں کی تھی اور سوار افرادملازم لگ رہے تھے۔نسیم نے بتایاکہ بورے کھولے تواس میں گدھوں کے سر موجود تھے، سفید گاڑی میں 2مقامی افراد سوارتھے، بعد میں کچرا اٹھانے والی گاڑی نے آکر سر اٹھائے۔