پاکستان کے ساتھ تجارتی حجم میں اضافے کی کوشش کررہے ہیں،چینی قونصل جنرل

246

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے نئے قونصل جنرل (Li Bijian) لی بیجین نے کہا ہے کہ سی پیک کے پہلے فیز پر کام مکمل ہوچکا ہے اور دوسرے فیز پر تیزی سے کام جاری ہے،منصوبہ مکمل ہونے سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا،وہ بیچ لگژری ہوٹل میں آواری ہوٹلز گروپ کی جانب سے ان کے اعزا ز میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر آواری ہوٹلز گروپ کے کارپوریٹ ڈائریکٹر سیلز وجنرل منیجر بیچ لگژری ہوٹل عظیم قریشی نے بھی میڈیا سے بات چیت کی،تقریب میں جاپان کے قونصل جنرل سمیت سفارت کاروں اور اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی،قونصل جنر ل پاکستانی عوامی لباس شلوار قمیض میں ملبوس تھے،انہوں نے مزید کہا کہ وہ چینی عوام اور پاکستانی بھائی ،بہنوں کے درمیان قائم رشتے مضبوط کرنے میں کردار ادا کریں گے ،کراچی میں انہیں اپنائیت نظر آتی ہے ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں وہ گوادر کے دورے پر گئے تھے ،جہاں انہوں نے مکمل ہونے والے ایل پی جی پلانٹ کا افتتاح کیا ،انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان خطے کے اہم ممالک ہیں،دونوں اہم ایشو پر یکسا ںموقف رکھتے ہیں،ان کی کوشش ہوگی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ ہو،انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ پاکستان سے قبل وہ 6 ممالک میں ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ہیں اور پاکستان ساتواں ملک ہے جہاں انہیں کام کرنے کا موقع ملا ہے،قونصل جنرل نے کہا کہ تھر میں چین کی مدد سے کوئلے پر چلنے والے بجلی کے پلانٹ کی تکمیل سے ناصرف اضافی بجلی حاصل ہو گی، جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پ بھی قابو پالیا گیا ہے،عظیم قریشی نے کہا کہ دونوں مما لک کے کھانوں کے زیادہ سے زیادہ فیسٹول ہونے چاہیے ،آج پاکستان کے اکثر گھرانوں میں چائنیز کھانے پسند کیے جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی شعبے میں اضافہ ہونا چاہیے ،اس کے ساتھ چین میں بھی پاکستانی کھانوں کے فیسٹول کا انعقا د ہونا چاہیے ،چین کے لوگ پاکستانی کھانے شوق سے کھاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ آواری گروپ کی جانب سے جلد فوڈ فیسٹول پروگرام کا انعقاد ہوگا،عظیم قریشی نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ جلد مکمل ہونا چاہیے ،تاکہ تجارت کے علاوہ سیاحت کے شعبے میں بھی ترقی ہو۔