زہریلا جوس پینے والے شخص نے تنگ دستی سے دل برداشتہ ہوکر خودکشی کی ، بچی منزہ کا بیان

1168

کراچی( اسٹاف رپورٹر )دہلی کالونی میں مبینہ طور پر زہریلا جوس پینے سے والد جاں بحق جبکہ دو بچے تشویشناک حالت میں اسپتال داخل کردئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز فریئر تھانے کی حدود دہلی کالونی عثمان سخی پان شاپ کے قریب رہائش پذیر 36سالہ ریحان ولد سلیمان مبینہ طور پر زہریلا جوس پینے سے جاں بحق اور اس کے دو بچے 11سالہ منزہ دختر ریحان او 8سالہ ابراہیم بے ہوش ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والے ریحان کی نعش اور بے ہوش بچوں کو جناح اسپتال لایا گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق دونوں بچوں کی حالت تشویش ناک ہے اوردونوں متاثرہ بچوں کو این آئی سی ایچ کے آئی سی یو میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق ریحان کی بیوی سے معاملے کے حوالے سے بیان لے رہے ہیں اور ریحان کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی واضح ہوگی۔ جبکہ واقعے میں متاثرہ بچی منزہ نے ہوش میں آنے کے بعد بیان دیا ہے کہ بابا نے جیب سے تھیلی نکال کر جوس میں کچھ ملایا ،بابا نے مجھے اور بھائی کو مشروب پینے کے لئے دیا ،بچی کے مطابق بابا شربت کے تین گلاس پی گئے تاہم مجھے اور بھائی ایک ہی گھونٹ پینے پر شربت بد ذائقہ لگا۔

پولیس کے مطابق متوفی ریحان کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا اور بھائی کی جیولری کی دکان پر کام کرتا تھا۔پولیس کا خیال ہے کہ واقعہ گھریلو پریشانی کا سبب معلوم ہوتا ہے۔