بغداد میں امریکی سفارخانے کے قریب راکٹ حملہ

172
عراق: حکومت مخالف احتجاج کے دوران زخمی ہونے والوں کو مظاہرین محفوظ مقام پر لے جارہے ہیں

بغداد (انٹرنیشنل ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد کے حساس ترین علاقے گرین زون میں امریکی سفارت خانے کے اطراف 3 راکٹ گرے ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق پیر کی شب اس حملے کے بعد سفارت خانے اور گرین زون کی جانب سے خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے۔ عراقی پولیس کے ذرائع نے رائٹرز نیوز ایجنسی کو بتایا کہ مذکورہ تینوں راکٹ بغداد کے باہر واقع علاقے زعفرانیہ سے داغے گئے۔ ان میں سے 2راکٹ امریکی سفارت خانے کے نزدیک گرے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق کم از کم ایک راکٹ ایسا تھا جو امریکی سفارت خانے سے صرف 100 میٹر کی دوری پر گرا۔ کسی جانب سے کارروائی کی ذمے داری قبول کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب گرین زون کے اندر راکٹ آ کر گرے۔ دوسری جانب عراقی ملیشیا حشد الشعبی نے بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ باری سے لا تعلقی کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب بغداد میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پیر کی رات سے منگل کی صبح تک حکومت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران تصادم میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں اب تک 4 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک نوجوان صحافی بھی شامل ہے، جو مظاہروں کی رپورٹنگ کر رہا تھا۔ اس کی شناخت 21سالہ یوسف عبدالستار کے نام سے ہوئی ہے۔ حکومت نے پُرتشدد مظاہروں کے سبب بغداد کے مختلف علاقوں کی ناکابندی کا حکم دیا ہے۔