سی پیک سے پوری دنیا استفادہ کرے گی، پاکستانی مندوب

121

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ اربوں ڈالر مالیت کا سی پیک منصوبہ پاک چین باہمی تعاون کی روشن مثال ہے، جس کا مقصد ترقی اور معیشت کے مشترکہ اہداف کا حصول ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اقوام متحدہ میں چین اور ترقی پذیر ممالک کے ایک بڑے بلاک جی 77 کی چیئرمین شپ کی تبدیلی کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو جنوب کے جنوب سے تعاون کو ضرور مستحکم کرنا چاہیے تاکہ نئے مواقع تلاش کر کے دنیا کو ترقی کے متبادل ماڈلز پیش کیے جا سکیں، سی پیک منصوبے سے خطے سمیت پوری دنیا استفادہ کرے گی۔ عالمی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کثیر الجہتی اور عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں بین الاقوامی سطح پر مختلف معاہدوں اور قوانین کے علاوہ بھی عالمی اشتراک کار میں اضافے کی ضرورت ہے، طاقت کا استعمال اور غیر ملکی مداخلت میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے غیر ملکی تسلط کے تحت زندگی گزارنے والے لوگوں کا حق خودارادیت بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور ٹیکنالوجی کے اختلافات کی وجہ سے عالمی معیشت سست روی کا شکار ہے، جس سے غربت کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل جیسے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، ترقی کے موجودہ نظام سے معاشی خوشحالی حاصل ہوئی ہے لیکن ابھی تک غربت اور عدم مساوات کے مسائل ختم نہیں کیے جا سکے، عدم مساوات اور عالمی اقتصادی نظام کی وجہ سے دنیا کو خطرات در پیش ہیں۔