خادم رضوی کے بھائی، بھتیجے سمیت 86 افراد کو 4ہزار 738 سال قید کی سزا

232

راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے دہشتگردی کا الزام ثابت ہونے پر علامہ خادم رضوی کے بھائی اور بھتیجے سمیت تحریک لبیک پاکستان کے 86کارکنوں کو مجموعی طور پر 4ہزار738 سال قید کی سزا سنادی۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی کے سربراہ علامہ خادم رضوی کی گرفتاری کےبعد ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، پولیس ملازمین کو زخمی،سرکاری ونجی املاک کو نقصان پہنچانے اور دہشتگردی سمیت مختلف الزامات ثابت ہونے پر عدالت نےہر مجرم کو مجموعی طور پر 55،55 سال قیدبامشقت اور 2 لاکھ 35 ہزار روپے جرمانہ ادائیگی کی سزا سنادی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے فیصلہ سنایا جس پر پولیس نے تمام مجرموں کو حراست میں لےکراٹک جیل منتقل کردیا۔

عدالت نےمجرموں کی تمام منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد بھی بحق سرکار ضبط کرنیکا حکم دیا،عدالت نے امیر حسین رضوی، ان کے صاحبزادے محمد علی اور دیگر 2 مجرموں قاری مشتاق اور گلزار احمد کو اسلحہ برآمد ہونے کے جرم میں علیحدہ سے 2،2 سال قید اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔