عوام نے عمران خان کو وزیراعظم منتخب کیا،امام مسجد نہیں

367

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری اپنی جگہ، پاکستان کی عوام نے وزیراعظم کا انتخاب کیا تھا امام مسجد کا نہیں حکومت اور ہمارے درمیان معاہدہ ہوا تھا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ آج کے اجلاس سے پہلے بھی اختلافات دور کرنے کےلئے تحریک انصاف کی قیادت سے دو نشستیں ہو چکی ہیں، ہمارے مطالبات کےلئے وزیراعظم عمران خان نے کمیٹی تشکیل دی تھی،ہمارے درمیان معاہدہ ہوا تھا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کاہ کہ امید ہے کہ آئندہ اس عملی کام ہوگا ،تحریک انصاف کی حکومت ہے، اس نے اپنے اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلنا ہے،اتحادیوں نے تحریک انصاف کو ساتھ لیکر نہیں چلنا، ہمارے ووٹوں سے یہ حکومت قائم ہے،حکومت یہ سمجھتی ہے کہ چھوٹی چھوٹی جماعتیں ہیں ہم نے ان کو ایک ایک وزارت دے دی ہماری ذمہ داری پوری ہوگئی۔

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ حکومت ہم سے مشورہ کرے،ہم ان کو اچھا مشورہ دیں گے، ہم نہیں چاہتے کہ اس طریقے سے معاملات حل ہوں جس طریقے سے حل ہونے جا رہے ہیں،جہاں پر اعتماد کی کمی ہو وہاں مشکلات ہی ہوں گی،ہم چھوٹی یا بڑی جماعت ہوں ہمیں جگہ فراہم کرنی چاہیے ،ایک ایک وزارت دینے سے ذمہ داری پوری نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایمانداری اپنی جگہ پاکستان کی عوام نے وزیراعظم کا انتخاب کیا تھا امام مسجد کا نہیں، معیشت کو کس نے بہتر کرنا ہے،مہنگائی کس نے کم کرنی ہے،کارکردگی بہتر بنانا اتحادی جماعتوں کا کام نہیں،حکومت نے تو اتحادی جماعتوں کے ساتھ آج تک مشاورت نہیں کی ۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کی شروعات وفاق سے ہی ہوتی ہے،ملک کی 65فیصد آبادی والے صوبے کو اگر وفاق سے چلایا جائے گا تو اس کا نتیجہ یہی نکلے گا،حکومت نے ہم سے وعدہ کیا ہے ہمیں امید ہے کہ یہ وعدہ وفا ہوگا، چیزیں بہتر ہوں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ پنجاب میں کارکردگی اور مہنگائی کے خاتمے کا ہے اگر یہ سب ٹھیک ہوتا ہے تو ہم آپ کے ساتھ ہیں ، یہ مسائل وزیراعلیٰ سے ٹھیک ہوں گے یا ان کے بغیر یہ ہمارا مسئلہ نہیں حکومت کا ہے ،اگر اس حکومت نے چلنا ہے تو اس کو کارکردگی بہتر کرنا ہوگی ، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہم نے بڑی حکومتیں بدلتی دیکھی ہیں ۔