بھارتی فوجی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات علاقائی امن واستحکام پر اثر انداز ہونگے، کور کمانڈرز کانفرنس

235

کورکمانڈرز کا نفرنس نے بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے بار بار پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کوغیر ذمہ دارانہ قراردیتے ہوئے کہا کہ اس سےخطے کے امن واستحکام پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 228ویں کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں خطے،قومی سلامتی ،سرحد وں کے ساتھ، لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرزکانفرنس نے امریکہ ایران کشیدگی کے تناظر میں مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے خطے کے امن واستحکام پر مضمرات کا بھی جائزہ لیا جبکہ کورکمانڈرز کانفرنس نے بھارتی فوجی قیادت کی جانب سے پاکستان کے خلاف باربار جارحیت کے اشتعال انگیز بیانات کا بھی سخت نوٹس لیا اور انہیں ایک غیر ذمہ دارانہ بیان بازی قراردیا جس کے خطے کے امن واستحکام پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے امن واستحکام کےلئے کوششوں میں پاکستان کا کردارنمایاں ہے اور ہم اس سلسلے میں اپنا ذمہ دارانہ اور مثبت کرداراداکرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قیمت پر مادروطن کے دفاع اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔