مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی‘ حسین محنتی

104

کراچی/ ٹنڈو الہ یار (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی و بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ‘ گیس بحران و خراب معاشی صورتحال نے معیشت کا پہیہ جام کردیا ہے‘ تبدیلی کے دعویدار حکمران قوم پر عذاب بن چکے ہیں‘ ملکی خوشحالی سمیت عوام کے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے نفاذ میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوالہ یار، جھنڈو مری، چمبڑ اور گوٹھ نصیر لغاری میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ دعوتی تنظیمی اور عوامی اجتماعات سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ امیر ضلع دیدارحسین بحرانی، قیم محمد یونس قائم خانی اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کشمیر سے برما اور فلسطین سے افغانستان تک مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے‘ ڈالروں کے بدلے کرائے کے قاتل کا کردار ادا کرکے اپنے ہی مسلمانوں بھائیوں کا خون بہانے والے حکمرانوں سے کسی خیر کی امید نہیں ہے‘ انسان کی زندگی کا مقصد شیطان کی نہیں‘ اللہ کی بندگی اور اس کی تعلیمات پر عمل کرکے جنت کا حصول ہے‘ اگر ہم اللہ کو راضی نہیں کریں گے تو دنیا و آخرت میں ذلت مقدر بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ گیس سے لیکر این ایف سی ایوارڈ تک صوبے کے حقوق کے لیے حکومت کے ساتھ ہیں‘ حکومت محض بیان بازی سے کام چلانے کے بجائے اپوزیشن و قانونی ماہرین سے مشاورت سے اپنے دستوری حقوق کے لیے قانونی جنگ لڑے۔ صوبائی امیر نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ جماعت کی دعوت کو آگے بڑھانے اور اصلاح معاشرہ و انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ اسلامی انقلاب منزل قریب تر ہوسکیں۔