بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان بھٹہ انڈسٹری کو ہوا ہے

174

فیصل آباد (جسارت نیوز)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چودھری عبد الرزاق باجوہ، ڈویژنل صدر حاجی اسلام،چیئر مین حاجی الطاف، چودھری اشرف گجر،ضلعی جنرل سیکرٹری چودھری غلام مصطفی،سینئر نائب صدر میاں فرمان علی،جوائنٹ سیکر ٹری رانا صدیق بلو،سیکر ٹری فنانس میاں یوسف،رانا رشید،چودھری نواز سرویا،رانا آصف صادق و دیگر عہدیداروں نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان بھٹہ انڈسٹری کو ہوا ہے۔ بھٹوں پر پڑا خام مال تباہ ہو چکا ہے۔لاکھوں کی تعداد میں کچی اینٹیں ضائع ہو گئی ہیں جن کی مزدوری بھی ادا کر دی گئی تھی۔حکومت بھٹہ مالکان کو ریلیف دے اور کوئلہ کی قیمتیں فوری کم کی جائیں تاکہ بھٹہ مالکان اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئلہ کی قیمتوں میں 5ہزار روپے فی ٹن اضافہ سے بھٹہ انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔بھٹہ کا کاروبار بند ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے۔6ماہ قبل کوئلہ کی قیمت 14ہزار روپے ٹن تھی جو اب 19ہزار روپے فی ٹن ہو چکی ہے۔حکومت بھٹہ انڈسٹری کو تحفظ دے اس انڈسٹری کے ساتھ لاکھوں لوگوں کا روزگار بل واسطہ اور بلا واسطہ وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئلہ کی نکاسی کا نظام بالکل رک چکا ہے جن کے پاس کوئلہ موجود ہے وہ سونے کے بھائو دے رہے ہیں۔
سرگودھا ،گیس کی بندش کاطویل سلسلہ
جاری،عوام کیلئے شدید مشکلات
سرگودھا (آئی این پی) سرگودھاسمیت ضلع بھر میںسردی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی گیس کی بندش کاطویل سلسلہ بھی جاری جس کے باعث دفاتر جانے والے لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کردیں شدید سردی کے موسم میں لوگ صبح سویرے ناشتے کی تلاش میں ہوٹلوں پر نظر آئے جہاں غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو پتہ ہونا چاہیے کہ سردیوں میں گیس کا استعمال بڑھ جاتا ہے مگر ذمے داران نے متبادل کوئی انتظام نہ کیا جس کی وجہ سے لوگ گیس سلنڈر‘ لکڑی اور کوئلے کیساتھ ساتھ بجلی کے ہیٹر استعمال کرنے پر مجبور ہیں الیکٹرانک کی مصنوعات کے استعمال کی وجہ سے بجلی کی بندش بھی بڑھ گئی ہے۔