لاڑکانہ ، 2019ء کے دوران جرائم پیشہ افراد کیخلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں

136

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ نے اپنی قیادت میں لاڑکانہ رینج پولیس کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے، ڈی آئی جی کے مطابق سال 2019ء کے دوران جرائم پیشہ افراد کے خلاف کامیاب کارروائیوں اور 470 پولیس مقابلوں کے دوران 19674 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے جبکہ 68 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیاگیا، انہی مقابلوں کے دوران پولیس افسران نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرائض نبھانے کے دوران 9 پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جام شہادت نوش کرلی، مقابلوں میں 13 اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے، مذکورہ کارروائیوں کے دوران گرفتار 9662 اشتہاری اور 8523 روپوش شامل ہیں، گرفتار ملزمان سے بھاری تعداد میں جدید اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کی گئی جس میں 42 کلاشنکوف، 163 شارٹ گنز، 19 رائفلز، 539 پستول، 41 ریوالورز، 4991 گولیاں اور کارتوسوں سمیت آئس 1.802 کلوگرام، ہیروئن 5.440 کلوگرام، حشیش، بھنگ 6045.580 کلو گرام، چرس 2442.709 کلو گرام، افیم 65.68 کلو گرام، گٹکا سپاری 52064، شراب 3067.0 لیٹر شامل ہیں۔ اسی عرصے کے دوران پندرہ ہزار سے زائد عوامی مسائل و شکایات کا ازالہ کیا گیا جن میں زمین و جائداد، رشتے داریوں اور برادری و گھریلو مسائل شامل ہیں، عوامی شکایات اور فرائض میں غفلت برتنے پر 198 پولیس افسران واہلکاران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی جس میں 33 پولیس افسر و جوانان کو نوکریوں سے برطرف کیا گیا۔سینیارٹی بنیادوں پر 1260 کے پروموشنز کیے جن میں 200 اے ایس آئیز کو سب انسپیکٹرز، 540 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئیز، 509 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل، 11 جونیئر کلرکس کو سینیئر کلرکس کرنے کے کے احکامات جاری کیے جس میں 29 وومین پولیس افسر و اہلکار بھی شامل ہیں۔گزشتہ سال کے دوران پولیس ویلفیئر کرتے ہوئے شہید و فوتی کوٹہ کے تحت میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں بھی دی گئیں، ساتھ ہی شہید و فوتی اہلکاروں کی فیملیز کی ویلفیئر بھی کی گئی، کمیونٹی پولیسنگ کے تحت رینج بھر کے اندر مختلف تعلیمی اداروں میں سیمینارز منعقد کیے گئے، تمام اضلاع کے اندر مفت میڈیکل کیمپس، بلڈ کیمپس جیسے فلاحی کام بھی بھی جاری رہا، تھانہ کلچر کو بہتر بنانے کے ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے کھلی کچہریوں سمیت ہفتے وار انسپکشن، پریڈ اور وزٹ کو یقینی بنایا گیا ساتھ ہی تھانوں کی تعمیراتی اور مرمتی کام بھی جاری رہا، جوانوں کی جسمانی و ذہنی نشو ونما کو مد نظر رکھتے ہوئے اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا اسی دوران جوانوں کے لیے بڑا کھانہ کے اہتمام بھی کیا گیا، پولیس فیسلیٹیشن سینٹر، رپورٹنگ رومس کی بہتر کارکردگی کے بعد پاکسان میں پہلی مرتبہ لاڑکانہ کے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پولیس فیسلیٹشن بس اور موبائل ورکشاپ جیسے اہم اقدامات لیے گئے، خواتین اور بچوں کے لیے قائم کردہ وومین اینڈ پروٹیکشن سیل کے ذریعے بروقت اقدامات اٹھائے گئے جس کے ذریعے کچے کے دور دراز علاقوں میں بھی بروقت ایکشن لے کر قانونی مدد فراہم کی گئی۔