عمران خان کی گھن گرج ، اعلانات ریت کی دیوار ثابت ہوئے، لیاقت بلوچ

146

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلو چ نے کہاہے کہ عمران خان کی گھن گرج ، دعوے ، اعلانات ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں ۔ این آر او کا سلسلہ وسیع ہوتا جارہاہے ۔ عدالتی محاذپر حکومت مسلسل ناکام ہے ۔ کرپٹ مافیا حکومت کی پناہ گاہ میں آنے کی وجہ سے پیٹی بھائیوں کو تحفظ دینے میں مسلسل کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہاہے ۔ نیب قوانین میں آرڈی نینس کے ذریعے ترامیم نے حکومتی بے بسی کو عیاں کر دیاہے ۔ وزیراعظم نے خود تسلیم کرلیاہے کہ وہ اپنی پارٹی اور دوستوں کو مشکل سے نکال رہے ہیں ۔ عملاً عمرا ن خان سرکار این آر او ،لنگر خانوں ، بد کلامی ، بد زبانی اور ناکام پالیسیوں سے غریب کا کچومر نکالنے کی بند گلی کی اسیر ہوگئی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں بے روزگار انجینئرز ، جے آئی یوتھ اور بلوچستان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہزاروں بے روزگار انجینئر ز اپنے مستقبل سے مایوس اور دھکے کھا رہے ہیں ، حکومتی پالیسیوں سے بجلی ، گیس کی قلت اور ناقابل برداشت ٹیرف سے صنعت اور ترقی کا پہیہ جام ہوگیاہے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ حکومت بے روزگار انجینئرز کو خصوصی الائونس دے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہے ۔ نااہل ، مفاد پرست اور کرپٹ مقتدر طبقے نے ملک کے ہر طبقے اور علاقے کو بدحال کردیاہے ۔حکومتوں کی پالیسی ، حکمت عملی اور ترجیحات میں تعلیم ، نوجوان ، زراعت اور غریب کی کوئی اہمیت نہیں ۔ ہر دور میں مراعات یافتہ2 فیصد خاص طبقہ ہی عیش کرتا ہے ، 22 کروڑ عوام غربت ، جہالت ، بے روزگاری کی تاریکی میں رہتے ہیں ۔