عدالت نے احسن اقبال کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا

404

اسلام آباد: احتساب عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کیس میں احسن اقبال کا 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما وسابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1993 سے ایم این اے ہوں، میرے اثاثے بڑھے نہیں بلکہ کم ہوئے ہیں، نیب سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ نیب 20 ماہ سے تفتیش کر رہا ہے، کوئی کرپشن ملی ؟ کیس کا مقصد سیاسی نقصان پہنچانا اور کردار کشی کرنا ہے، نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ پیپلزپارٹی دور میں شروع ہوا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نیب نے مجھ پر اڑھائی ارب کے منصوبے میں چھ ارب کی کرپشن کا الزام لگایا گیا ہے، ڈھائی ارب کے پراجیکٹ میں چھ ارب کی کرپشن کیسے ہوگئی ؟

لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگ سے وفاداری کی وجہ سے گرفتار کیا گیا تو مجھے یہ سزا قبول ہے لیکن اگر عمران خان کی حکومت کے خلاف بولنے سے میں چپ کر جاؤں گا تو یہ سزا قبول نہیں، اگر مجھے جنرل پرویز مشرف کی سزا کی حمایت کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے تو مجھے یہ سزا قبول ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں کے الزام میں لیگی رہنما احسن اقبال کو گرفتار کیا تھا۔