سجاول اور گردونواح میں 4 دن سے بجلی کی بندش کیخلاف احتجاج

150

سجاول (نمائندہ جسارت) ضلع سجاول کے مشہور کاروباری شہر چوہڑ جمالی سمیت گردونواح میں گزشتہ چار دن سے بجلی کی فراہمی بند کرنے کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، حیسکو سجاول کیخلاف شدید نعرے بازی، چار دن سے مساجد میں وضو کا پانی ختم ہوگیا ہے، پینے کے پانی کی بھی قلت، کاروبار سخت متاثر ہونے لگا۔ سجاول ضلع کے شہر چوہڑ جمالی کے شہریوں اور مختلف تنظیموں نے گزشتہ چار دن سے بلاجواز بجلی کی سپلائی نہ ہونے کیخلاف پریس کلب چوہڑ جمالی سے مدنی چوک تک احجاجی مظاہرہ کیا، ریلی نکالی اور حیسکو سجاول کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر شہری حافظ نجیب اللہ میمن، محمد صدیق میمن نورانی، حافظ فضل اللہ فیاض، فقیر اقبال میمن، اسلم بلاولی سمیت دیگر شہریوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار دن سے حیسکو سجاول انتظامیہ نے چوہڑ جمالی کو بجلی کی فراہمی مکمل بند کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی میسر نہ ہونے کے باعث پینے کا پانی اور مساجد میں وضو کا پانی بھی ختم ہوگیا ہے۔ مقرین نے کہا کہ حیسکو سجاول عملہ ہر ماہ بلنگ کے علاوہ رشوت بھی طلب کرتا ہے اور رشوت نہ ملنے کی پاداش میں بجلی بند کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ کروڑوں روپے شہری ادا کرتے ہیں پھر بھی بجلی آئے روز بند کرنا نا اہل حیسکو انتظامیہ سجاول کا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور چوہڑ جمالی شہر کو بجلی کی سپلائی بحال کی جائے بصورت دیگر دوسرے مرحلے میں شہر میں شٹر بند ہڑتال کر کے سخت احتجاج کیا جائے گا۔