سجاول، جاتی میں قتل کی گئی خاتون کے ورثا کا ملزمان کی عدم گرفتاری پر احتجاج

119

سجاول (نمائندہ جسارت) جاتی میں پُراسرار طور پر گولی چلنے سے قتل ہونے والی پانچ بچوں کی ماں کو مبینہ شوہر کی جانب سے قتل کرنے اور قتل میں ملوث ایف آئی آر میں نامزد دوسرے ملزم کو جاتی پولیس کی جانب سے گرفتار نہ کرنے کیخلاف مقتولہ کے ورثا کا پریس کلب سجاول کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ، مقتول کے قاتل اس کے شوہر کے ساتھی کو بھی قانون کے شکنجے میں لانے کا مطالبہ۔ سجاول ضلع کے شہر جاتی کے گائوں سکندر ہنگورجہ میں پُراسرار طور پر گولی چلنے سے ہلاک ہونے والی خاتون فرزانہ زوجہ نور احمد ہنگورجہ کو مبینہ طور پر اپنے شوہر کی جانب سے قتل کرنے کے مقدمے میں خاتون کے ورثا نے ایف آئی آر میں دو افراد کو نامزد کیا تھا۔ خاتون کے شوہر ملزم نور احمد کو تو جاتی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، کیس میں نامزد دوسرے ملزم گل محمد کو پولیس ابھی تک گرفتار نہیں کرسکی، جس کیخلاف مقتولہ پانچ بچوں کی ماں فرزانہ کے بھائی حنیف بوبک، جان محمد کی قیادت میں ورثا نے پریس کلب سجاول کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایس پی سجاول میڈم سہائی عزیز تالپور، ڈی ایس پی سجاول گل عباس مغل اور ایس ایچ او سجاول آفتاب جاگیرانی سے مطالبہ کیا ہے کہ مقتولہ فرزانہ کے قتل کیس کے مجرم گل محمد کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف دلایا جائے۔